18

لیجنڈ اداکار عمر شریف کی نماز جنازہ آج(بدھ) کلفٹن عمر شریف پارک میں سہ پہر تین بجے ادا کی جائے گی،

کراچی: لیجنڈ اداکار عمر شریف کی نماز جنازہ آج(بدھ) کلفٹن عمر شریف پارک میں سہ پہر تین بجے ادا کی جائے گی، صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی نےاپیل کی ہے کہ عوام عمر شریف کی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں شرکت کر کے دنیا کو پیغام دیں کہ ہم اپنے لیجنڈز کو دنیا سے گزرنے کے بعد بھی یاد رکھتے ہیں۔ایئر پورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے کراچی کے شہید ملت روڈ پر انڈر پاس کو عمر شریف کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمر شریف کی نماز جنازہ سہہ پہر تین بجے عمر شریف پارک میں ادا کی جائے گی، پارک میں نماز جنازہ کے لیے وسیع جگہ موجود ہے، پارک میں صفائی ستھرائی کے احکامات دے دیے گئے ہیں، عمر شریف کی تدفین عبداللٌٰہ شاہ غازی مزار کے احاطے میں کی جائے گی۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ٹریفک کنٹرول کرنے کے لیے اہلکار تعینات ہوں گے، ٹریفک پولیس اور ضلعی پولیس کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جن لوگوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ان میں عمر شریف بھی شامل تھے، سعید غنی نے کہا کہ کوشش ہے کہ عمر شریف کے نام پر ایک تربیتی ادارے کا قیام عمل میں لایا جائے، واضح رہے کہ لیجنڈ کامیڈین عمر شریف طویل علالت کے بعد دو اکتوبر کو جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں