29

کراچی ٹیسٹ: پہلے روز کا کھیل ختم، پاکستان کے 33 پر 4 آؤٹ ہوگئے

کراچی ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستانی بولرز کی محنت پر بلے بازوں نے پانی پھیر دیا اور ہاتھ آئے موقع کو گنواتے ہوئے جنوبی افریقہ کے 220 رنز کے اسکور کے آگے 33 پر ہی 4 وکٹوں سے محروم ہوگئی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اس کے اوپنرز نے آغاز بھی اچھا فراہم کیا، تاہم اس کے بعد قومی بولرز نے مہمان ٹیم کے بیٹسمین کو کھل کر کھیلنے نہیں دیا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی اننگز میں 220 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جہاں ڈین ایلگر 58 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جارج لینڈے 35 اور فاف ڈوپلیسی 23 رنز بنا کر نمایا رہے۔ٹمبا باوما اور رسی وین ڈرڈوسین 17، 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان کوئنٹن ڈی کوک نے 15 اور ایڈن مارکرم نے 13 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور نعمان علی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور حسن علی کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز کے بعد ایسا محسوس ہورہا تھا کہ قومی ٹیم اب اس میچ میں اپنی گرفت مضبوط کرتے ہوئے جنوبی افریقی ٹیم کے آگے رنز کا پہاڑ کھڑا کردے گی۔ تاہم امیدوں کے برعکس قومی بیٹسمین اس نادر موقع کو گنوابیٹھے اور پہلے روز کھیل کے اختتام پر 4 وکٹیں دے بیٹھے۔ عمران بٹ 9، بابر اعظم 7 اور عابد لی 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ نائٹ واچ مین شاہین شاہ آفریدی کھاتہ کھولے بغیر ہی پولین لوٹ گئے۔ دن کے اختتام پر تجربہ کار اظہر علی اور فواد عالم 5 ، 5 رنز کے ساتھ کیریز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کاگیسو رباڈا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ اینریخ نورکیا اور کیشو مہاراج نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں