15

پی ایس ایل 6: لاہور قلندر نے کوئٹہ گلیڈیٹرز کو باآسانی شکست دیدی

کراچی:پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے میچ میں لاہور قلندرز نے فخر زمان اور محمد حفیظ کی شاندار بلے بازی کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔لاہور قلندرز کے تجربہ کار بیٹسمین محمد حفیظ اور جارح مزاج فخر زمان نے 179 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں پورا کرلی، کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز ٹام بینٹن اور صائم ایوب بالترتیب 4 اور 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس وقت ٹیم کا اسکور 12 تھا۔ایسے میں گلیڈی ایٹرز کے کرس گیل اور سرفراز احمد نے اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹیم کو مشکلات سے نکالا اور سنچری پارٹنر شپ بنا کر ٹیم کو بڑے ٹوٹل کی جانب گامزن کیا۔سرفراز احمد نے 5 چوکوں کی مدد سے 40 جبکہ کرس گیل نے 5 چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے 68 رنز کی اننگز کھیلی اور دونوں کھلاڑی بالترتیب 113 اور 118 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔اختتامی لمحات میں محمد نواز نے 33 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو 178 کے ٹوٹل تک پہنچادیا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف سب سے کامیاب بولر رہے جنھوں نے 3 وکٹیں لیں جبکہ ان کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی، راشد خان اور احمد دانیال کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم صرف ایک ہی وکٹ کھو سکی۔ فخر زمان اور محمد حفیظ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت قلندرز نے 19ویں اوور میں جیت سمیٹ لی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں