76

پاکستان جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت گیا

لاہور: پاکستان نے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقہ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے جیت لی۔قبل ازیں جنوبی افریقہ نے ڈیوڈ ملر کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان کو فیصلہ کن ٹی20 میچ میں فتح کے لیے 165 رنز کا ہدف دیا تھا۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جبکہ جنوبی افریقہ نے اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے ہی اوور میں محمد نواز نے ریزا ہینڈرکس کی وکٹیں بکھیر دیں جبکہ اگلے اوور میں اسپنر نے جے جے اسمٹس کا بھی کام تمام کردیا۔جینمین ملان اور پائٹ وین بلجون نے اسکور 41 تک پہنچایا، بلجون نے حسن علی کو لگاتار تین چوکے لگائے لیکن چوتھی گیند پر حسن نے انہیں آئوٹ کر دیا۔اسپنر زاہد محمودنے اپنے پہلے ہی میچ میں آغاز سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا، جب نہیں بولنگ کے لیے لایا گیا تو انھوں نے اپنے پہلے ہی اوور میں جنوبی افریقی کپتان کو گولڈن ڈک پر شکار کرنے کے بعد اگلی ہی گیند پر 27 رنز بنانے والے ملان کو بھی آئوٹ کردیا۔اگلے اوور میں عثمان قادر نے ایندائل فلکوایو کو بھی چلتا کرکے پاکستان کو چھٹی کامیابی دلا دی۔زاہد محمود نے پاکستان کو ایک اور کامیابی دلاتے ہوئے ڈیوین پریٹوریس کو بھی اپنا شکار بنا لیا۔65 رنز پر 7 وکٹیئں گرنے کے بعد ایسا محسوس ہوتا تھا کہ جنوبی افریقی ٹیم کی بساط جلد ہی لپٹ جائے گی لیکن ڈیوڈ ملر نے شاندار بیٹنگ سے میچ کا نقشہ بدل دیا۔تجربہ کار ڈیوڈ ملر نے جارحانہ انداز اپنایا اور بیجورن فورٹئین کے ساتھ مل کر ٹیم کی سنچری مکمل کرائی، بیجورن 10رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ملر نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ناصرف اپنی نصف سنچری مکمل کی بلکہ جنوبی افریقہ کی اچھے اسکور تک رسائی بھی یقینی بنائی۔جارح مزاج بلے باز نے اننگز کے آخری اوور میں 4 چھکوں سمیت 25 رنز بنائے اور 45 گیندوں پر 7 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 85 رنز کی اننگز کھیلی۔جنوبی افریقہ نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔محمد رضوان اور حیدر علی نے ہدف کا تعاقب شروع کیا اور پہلی وکٹ 51 رنز پر گری۔محمد رضوان نے 42 رنز کی اننگز کھیلی اور اسکور کو 73 رنز تک پہنچایا جبکہ حیدر علی 15 رنز بنا کر پہلے ہی آؤٹ ہو چکے تھے۔کپتان بابر اعظم نے 44 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔حسین طلعت 5 اور آصف علی 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ان کے بعد فہیم اشرف بھی صرف 10 رنز بنا سکے۔حسن علی اور محمد نواز نے چھٹی وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 32 رنز میں بالترتیب 20 اور 18 رنز بنائے۔پاکستان نے ہدف 19 ویں اوور کی چوتھی گیند پر چار وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بناکر 4 وکٹوں سے میچ اور سیریز میں فتح سمیٹی۔جنوبی افریقہ کی جانب سے فیلکوایو اور تبریز شمسی نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔میچ میں آل راؤنڈ کارکردگی پر محمد نواز کو میچ اور محمد رضوان کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے زاہد محمود نے تین جبکہ حسن علی اور محمد نواز نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں