116

حمزہ شہباز کی رہائی کا پروانہ جاری

مسلم لیگ نون کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کی رہائی کا پروانہ جاری کر دیا گیا۔
حمزہ شہباز کے ضمانتی مچلکوں کی تصدیق کے بعد ان کی رہائی کی روبکار جاری کر دی گئی۔لاہور کی احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج اکمل خان نے منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز کی رہائی کی روبکار جاری کی ہے۔احتساب کورٹ کا اہلکار روبکار لے کر کوٹ لکھپت جیل روانہ ہوگیا، روبکار جیل پہنچنے پر آج حمزہ شہباز کو رہا کیئے جانے کا امکان ہے۔اس سے قبل لاہور کی احتساب عدالت میں حمزہ شہباز کی رہائی کے لیے ضمانتی مچلکے جمع کرا دیئے گئے۔حمزہ شہباز کی رہائی کے لیے ایک ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکے ادریس رفیق بھٹی اور عدیل علی خان نے احتساب عدالت لاہور میں جمع کرائے۔لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کی 2 ضمانتی مچلکوں کے عوض رہائی کا حکم دیا تھا۔حمزہ شہباز کو رہائی کے بعد ریلی کی شکل میں ان کی رہائش گاہ تک لایا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ حمزہ شہباز کوٹ لکھپت جیل سے براستہ کچا جیل روڈ ماڈل ٹاؤن میں واقع اپنی رہائش گاہ جائیں گے۔
مسلم لیگ نون کی جانب سے حمزہ شہباز کے استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کی بھی حمزہ شہباز کے استقبال کے لیے آمد متوقع ہے۔رہائی کے فوری بعد حمزہ شہباز کا جیل کے نزدیک کارکنوں سے خطاب بھی متوقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں