26

بابراعظم سیریز جیت کرعظیم کپتانوں کی فہرست میں شامل ہوگئے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد قومی ٹیم کے عظیم کپتانوں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔ بابر اعظم ان کپتانوں کی فہرست کا حصہ بن گئے جنھوں نے بطور کپتان اپنی پہلی ہی سیریز میں قومی ٹیم کو سیریز میں فتح دلوائی۔ پاکستان ٹیم نے بابر اعظم کی کپتانی میں جنوبی افریقہ کو پہلے کراچی ٹیسٹ اور پھر راولپنڈی ٹیسٹ میں بھی شکست دے کر مہمان ٹیم کے خلاف 0-2 سے وائٹ واش کردیا۔ اس سیریز میں بابر اعظم نے پہلی مرتبہ قومی ٹیم کی کمان سنبھالی اور ٹیم کو جیت دلوادی۔ اپنی اس فتح کے ساتھ ہی بابر اعظم ان کپتانوں کی خصوصی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں جنھوں نے قومی ٹیم کو پہلی ہی ٹیسٹ سیریز میں کامیابی دلوائی۔ یہ کارنامہ اپنی پہلی سیریز میں عظیم فاسٹ بولر فضل محمود نے سال 1959 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف انجام دیا تھا۔ ان کے بعد عظیم بیٹسمین مشتاق محمد نے 1976 میں کپتان بننے کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف انجام دیا۔لیجنڈ بیٹسمین جاوید میانداد نے کپتانی سنبھالی تو انھوں نے 1980 میں اپنی پہلی ہی ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کو کامیابی دلوائی اوراس وقت ان کی حریف ٹیم آسٹریلیا تھی۔ سال 1994 میں سلیم ملک کپتان بنے تو انھوں نے اپنی پہلی ہی ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کو کامیابی دلوائی، ان کی حریف ٹیم نیوزی لینڈ تھی۔ اب سال 2021 میں بابراعظم نے اپنی پہلی ہی سیریز میں ٹیم کو کامیابی دلوادی لیکن یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ بابراعظم نے حریف ٹیم کو وائٹ واش کردیا، جبکہ ان سے پہلے کسی کپتان کی ٹیم یہ کارنامہ انجام نہ دے سکی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں