117

اسلام آباد، پشاور سمیت مختلف اضلاع میں 6.4 شدت کا زلزلہ

اسلام آباد: پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد اور پشاور سمیت دیگر علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.4 تھی اور اس کا مرکز تاجکستان میں 80 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز تاجکستان کے شہر مرغوب سے 35 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا اور اس کی شدت 5.9 اور گہرائی 91.6 کلومیٹر تھی۔پاکستان میں اسلام آباد، لاہور اور پنجاب کے دیگر علاقوں کے علاوہ خیبر پختونخوا میں مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور دیگر شہروں میں زلزلے کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور گھروں سے باہر نکل آئے۔خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں تین منٹ تک زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جہاں لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ایشین نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی سمیت کئی شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
تاحال کسی قسم کے جانی نقصان کی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔سوشل میڈیا پر شہریوں اور معروف شخصیات نے زلزلے کے حوالے سے آگاہ کیا۔معروف صحافی حامد میر نے کہا کہ اسلام آباد میں زلزلہ محسوس کیا گیا جہاں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور کلمے کا ورد کرتے رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں